اسلام آباد میں پلاسٹک فری مہم کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ، کل سے پلاسٹک بوتلوں کے خلاف کریک ڈاؤن
پولی تھین بیگز کے بعد سنگل یوز پلاسٹک بوتلوں کے استعمال اور فروخت پر بھی کارروائیاں ہوں گی، ضلعی انتظامیہ کی شہریوں اور تاجروں سے تعاون کی اپیل۔
اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے پلاسٹک فری اسلام آباد مہم کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولی تھین بیگز کے بعد اب سنگل یوز پلاسٹک بوتلوں کے استعمال اور فروخت کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد میں پلاسٹک بوتلوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا آغاز کل سے کیا جائے گا۔ مہم کے تحت سنگل یوز پلاسٹک بیگز اور بوتلوں کا استعمال ممنوع ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پلاسٹک فری مہم پر عمل درآمد کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں اور اب کریک ڈاؤن میں سنگل یوز پلاسٹک بوتلوں کے استعمال اور فروخت کی خلاف ورزیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پلاسٹک فری اسلام آباد مہم میں تعاون کریں اور پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کے لیے ممنوعہ اشیا کے استعمال سے گریز کریں