اے پی پی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق
ایم ڈی اے پی پی سبین عثمان خٹک کی وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود سے ملاقات، جلد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔
اسلام آباد: ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہو گیا ہے، جبکہ دونوں اداروں کے مابین جلد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر سبین عثمان خٹک نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اے پی پی کے مارکیٹنگ اور آئی ٹی شعبوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
ملاقات میں اے پی پی اور یونیورسٹی کے درمیان مختلف شعبوں میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دورے کے دوران ڈاکٹر ناصر محمود نے وفد کو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور ان کے امور کے بارے میں بریفنگ دی۔
ایم ڈی اے پی پی سبین عثمان خٹک نے بتایا کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان قومی بیانیے کے فروغ اور خبروں کی ترسیل کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ادارہ ویڈیو نیوز سروسز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے قومی، علاقائی اور عالمی زبانوں میں خبریں فراہم کر رہا ہے۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ اے پی پی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے درمیان جلد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے، جس کے تحت دونوں ادارے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔