ڈاکٹر سلمان حسیب چوہدری کی قیادت میں وائے ڈی اے پنجاب وفد کی نئے آئی جی اسلام آباد سے ملاقات
ڈاکٹرز کے وفد کی نئے آئی جی کو مبارکباد، سہیل چوہدری کی شہریوں اور ڈاکٹرز کمیونٹی کے تحفظ کی یقین دہانی
اسلام آباد میں وائے ڈی اے پنجاب کے وفد نے پیٹرن انچیف ڈاکٹر سلمان حسیب چوہدری کی سربراہی میں نئے تعینات ہونے والے آئی جی اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ سہیل چوہدری سے ملاقات کی۔ وفد نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وائی ڈی اے پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات اور صدر جسٹس فار ایف ایم جیز ڈاکٹر وفاقت گجر، جسٹس فار فارن میڈیکل گریجوائٹس کے وائس چیئرمین ڈاکٹر انوار حسین اور وائے ڈی اے پنجاب کے رہنما ڈاکٹر شہریار ملک بھی شریک تھے۔
ڈاکٹر سلمان حسیب چوہدری نے امید ظاہر کی کہ سہیل چوہدری کی قیادت میں پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بطور کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ سینٹر اور آر پی او ملتان سہیل چوہدری کی سابقہ کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ وفاقی دارالحکومت میں بھی اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے انجام دیں گے۔
آئی جی اسلام آباد نے عوام کی خدمت میں ڈاکٹرز کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں، بالخصوص ڈاکٹرز کمیونٹی، کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔