اگر دارالحکومت پر حملے کی کوشش ہوئی تو تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دارالحکومت پر حملے کی کوشش کی صورت میں تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے، تاہم حکومت گورنر راج کے آپشن سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اسلام آباد کے تحفظ اور امن و امان کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔ ان کے مطابق دارالحکومت پر کسی حملے یا سنگین صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو بار بار سیاسی کشیدگی کا مرکز نہیں بننے دیا جا سکتا اور اس کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔
خواجہ آصف کے مطابق خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا آپشن آخری مرحلے کے طور پر زیر غور ہے، تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ اس راستے پر جانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو سیاسی کشمکش کے باعث مشکلات میں نہیں ڈالا جا سکتا، جبکہ موجودہ صورتحال کا فیصلہ سیاسی اور آئینی طریقہ کار کے مطابق کیا جائے گا۔



