پاکستان کے 24 شہروں میں فائیو جی سروسز دستیاب، اسلام آباد تیسرے نمبر پر
قومی اسمبلی میں پیش کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 24 شہروں میں 1,782 مقامات پر فائیو جی سروسز دستیاب ہیں، جہاں جاز 1,015، زونگ 640 اور یوفون 127 مقامات پر خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

اسلام آباد: پاکستان کے 24 شہروں میں مجموعی طور پر 1,782 مقامات پر فائیو جی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں کراچی 385 مقامات کے ساتھ پہلے، لاہور 373 مقامات کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد 276 مقامات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ قومی اسمبلی میں پیش کردہ تفصیلات کے مطابق ملک میں فائیو جی سروسز کے لیے جاز، زونگ اور یوفون خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاز 1,015 مقامات پر فائیو جی سروسز فراہم کر رہا ہے، جبکہ زونگ کے سروس پوائنٹس کی تعداد 640 اور یوفون کے مقامات کی تعداد 127 ہے۔
شہر وار تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں 144، پشاور میں 122، راولپنڈی میں 108 اور ملتان میں 103 مقامات پر فائیو جی سروسز دستیاب ہیں۔ اسی طرح سیالکوٹ میں 87، شیخوپورہ میں 55 اور گوجرانوالہ میں 38 مقامات پر فائیو جی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔
قومی اسمبلی میں پیش کردہ معلومات کے مطابق فائیو جی سروسز ایبٹ آباد، اٹک، فیصل آباد، گوجرانوالہ، حیدرآباد، اسلام آباد، جہلم، کراچی، قصور، کوہاٹ، لاہور، ملتان، مردان، پشاور، کوئٹہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ، سکھر، صوابی اور چترال میں دستیاب ہیں۔

شہر وار فراہم کردہ اعداد و شمار میں کراچی اور لاہور کے بعد اسلام آباد میں فائیو جی سروسز کے مقامات کی تعداد نمایاں ہے، جبکہ فیصل آباد، پشاور، راولپنڈی اور ملتان بھی ان شہروں میں شامل ہیں جہاں متعدد مقامات پر یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
