این سی سی آئی اے اسلام آباد زون میں سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ
ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شعیب خان کی زیر صدارت اجلاس، چائلڈ پورنوگرافی، خواتین کو ڈیجیٹل ہراسانی اور دیگر اہم سائبر کرائم کیٹیگریز پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔
اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد زون نے سائبر جرائم کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی سی آئی اے اسلام آباد زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شعیب خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد سرکل کے تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران سائبر جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ٹیمیں سائبر ٹپ لائنز (NCMEC)، بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد (CSAM)، خواتین کو ڈیجیٹل ہراسانی اور اینٹی اسٹیٹ کیسز سمیت اہم کیٹیگریز پر ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شعیب خان نے افسران کو ہدایت کی کہ سائبر جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور شہریوں کی شکایات پر فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تشکیل دی جانے والی خصوصی ٹیمیں جدید تفتیشی مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے سائبر جرائم کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز، شفاف اور مؤثر بنائیں گی۔
محمد شعیب خان کے مطابق این سی سی آئی اے کا بنیادی مقصد شہریوں کو ڈیجیٹل جرائم سے محفوظ بنانا، متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کرنا اور سائبر اسپیس کو مزید محفوظ بنانا ہے۔
