سی ڈی اے

محسن نقوی کا مارگلہ روڈ تا سنگجانی انٹرچینج منصوبے 31 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم

محسن نقوی کا ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، کام کی رفتار تیز کرنے، ڈبل شفٹ جاری رکھنے اور تجاوزات ایک ہفتے میں ختم کرنے کا حکم

محسن نقوی اور طلال چوہدری کا مارگلہ روڈ توسیع اور سنگجانی انٹرچینج منصوبوں کا دورہ۔ کام ڈبل شفٹ میں جاری رکھنے اور منصوبے 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت۔

مارگلہ روڈ توسیع اور سنگجانی انٹرچینج منصوبوں کا جائزہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع اور سنگجانی انٹرچینج کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا، جہاں جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور تعمیراتی سرگرمیاں ڈبل شفٹ میں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ دونوں منصوبے ہر صورت 31 دسمبر تک مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی راہ میں حائل تمام تجاوزات ایک ہفتے کے اندر ختم کی جائیں اور تعمیراتی کام کی تکمیل میں رکاوٹ بننے والے تمام مسائل فوری طور پر دور کیے جائیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد کے شہریوں کو موٹروے تک آمدورفت کے لیے ایک متبادل راستہ دستیاب ہوگا، جس سے سفری سہولت میں بہتری آئے گی۔

دورے کے دوران کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق مارگلہ روڈ سے سنگجانی انٹرچینج تک منصوبے کی مجموعی لمبائی 2.7 کلومیٹر ہے، جبکہ اس میں ایک انڈر پاس اور ایک انٹرچینج بھی شامل ہے۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button