پی ایچ ڈی مکمل نہ کرنے پر گریڈ 19 کے افسر پولیس افسر ندیم حسین کو 86 لاکھ 89 ہزار روپے واپس کرنے کا حکم
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی کارروائی، دورانِ تعلیم حاصل کی گئی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے لیے تین ماہ کی مہلت
پی ایچ ڈی مکمل نہ کرنے پر گریڈ 19 کے پولیس افسر ندیم حسین کو 86 لاکھ 89 ہزار 890 روپے سرکاری خزانے میں واپس جمع کرانے کی ہدایت، ادائیگی کے لیے تین ماہ کی مہلت۔
اسلام آباد: اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 19 کے افسر ندیم حسین کو مقررہ مدت میں پی ایچ ڈی مکمل نہ کرنے پر 86 لاکھ 89 ہزار 890 روپے سرکاری خزانے میں واپس جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ یہ رقم افسر کو دورانِ تعلیم ادا کی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ندیم حسین کو یکم ستمبر 2019 سے 19 جولائی 2022 تک پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مطالعاتی چھٹی دی گئی تھی، تاہم وہ مقررہ مدت کے دوران ڈگری مکمل نہیں کر سکے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے مذکورہ مدت کی مطالعاتی چھٹی کو بغیر تنخواہ غیر معمولی چھٹی میں تبدیل کر دیا ہے اور افسر کو ہدایت کی ہے کہ 86 لاکھ 89 ہزار 890 روپے قومی خزانے میں جمع کروا کر ادائیگی کا ثبوت فراہم کریں۔
رپورٹ کے مطابق رقم کی واپسی کے لیے نوٹیفکیشن جاری ہونے کی تاریخ سے تین ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔ بلوچستان حکومت کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر رقم کی وصولی یقینی بنائے اور اس بارے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو آگاہ کرے۔

مزید برآں، رقم کی وصولی کا حکم افسر کی ذاتی سرکاری فائل میں بھی درج کر دیا گیا ہے۔



