کشمیر چوک انڈر پاس پر 20 روز میں 78 فیصد کام مکمل، 30 روز میں افتتاح کا ہدف
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کرکے تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 20 روز میں 78 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور منصوبہ 30 روز کی مقررہ مدت میں پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کی تکمیل، جاری کاموں اور مقررہ ٹائم لائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے پر 20 روز کے دوران 78 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ منصوبہ 30 روز کی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔
منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری
بریفنگ کے مطابق منصوبے پر ہارٹیکلچر، سڑکوں اور اسفالٹ کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ اس کے علاوہ لائٹ پولز نصب کیے جا رہے ہیں اور ان پر لائٹس لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔
محسن نقوی نے باقی ماندہ تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے اور منصوبے کو مقررہ مدت میں پایۂ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

انڈر پاس کے اطراف 6 ہزار درخت لگائے جائیں گے
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کے اطراف 6 ہزار درخت لگائے جائیں گے تاکہ منصوبے کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو منصوبے کے اطراف دیدہ زیب لائٹنگ نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
مری اور مظفرآباد جانے والوں کو ریلیف ملے گا
محسن نقوی کے مطابق کشمیر چوک انڈر پاس کی تکمیل سے مری اور مظفرآباد جانے والے شہریوں کو بڑا ریلیف ملے گا جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان آمدورفت بھی مزید آسان ہو گی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایکسپریس وے پر ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



