پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، وزیراعظم کو اہم بریفنگ
شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں آئی ٹی سیکٹر، 5G، ڈیجیٹل خدمات اور ٹیکنالوجی زونز کی پیش رفت کا جائزہ، 32 ٹیکنالوجی زونز میں 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (STZA) کے تحت فعال تمام آئی ٹی پارکس کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی، جبکہ اتھارٹی میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے قیام کے لیے قانون کی متعلقہ شقوں کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کے لیے نظرثانی کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی کارکردگی، اہم منصوبوں پر پیش رفت اور جاری اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی برآمدی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے ملکی معیشت کی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی اور اس سے منسلک خدمات کے شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے حکومت ترجیحی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کو ٹیکنالوجی اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کا مرکز بنایا جائے۔
علی بابا پاکستان کے لیے سپر ایپ تیار کر رہا ہے
اجلاس میں علی بابا کے اشتراک سے اسٹریٹجک ٹرانسفارمیٹو فریم ورک پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ علی بابا حکومتِ پاکستان کے لیے ایک جامع سپر ایپ تیار کر رہا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو تمام سرکاری خدمات ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہم کی جائیں گی۔
ملک بھر میں 32 ٹیکنالوجی زونز پر کام جاری
اجلاس کو اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملک بھر میں سات کلسٹرز کے تحت 32 ٹیکنالوجی زونز پر کام جاری ہے، جن میں سے 21 فعال جبکہ 11 زیر تعمیر ہیں۔
ان ٹیکنالوجی زونز میں اب تک 100 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے، جبکہ مزید 105 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے منصوبے زیر غور ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تقریباً 300 ٹیکنالوجی کمپنیوں نے ان زونز میں اپنے دفاتر قائم کر لیے ہیں۔
86 شہروں میں 5G نیٹ ورک کی تیاریوں پر پیش رفت
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں 5G سروسز کے اجرا پر پیش رفت تسلی بخش ہے اور ٹیلی کام کمپنیوں نے 86 شہروں میں نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور قابلِ اعتماد کنیکٹیویٹی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں اور کاروباری شعبے کو معیاری ڈیجیٹل سہولیات میسر آ سکیں۔
آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں
اجلاس میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ جون 2026 تک پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر رہیں، جبکہ جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران 1.24 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔
اسی طرح فری لانسرز کی برآمدات جون 2026 تک 1.165 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اجلاس کو آئی ٹی کمپنیوں کی تعداد میں اضافے اور ڈیجیٹل سرکاری خدمات کے اجرا میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے پاکستانی نوجوانوں کو مختلف آئی ٹی مہارتوں کی تربیت دینے کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کی تکنیکی تربیت سے نوجوانوں کو عالمی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق روزگار کے مواقع میسر آ سکیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجی اسکلز پروگرام کے تحت جون 2026 تک 9 لاکھ 31 ہزار سے زائد افراد تربیت مکمل کر چکے تھے، جبکہ جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران تربیتی سرگرمیوں میں مزید پیش رفت جاری رہی۔
انٹرنیٹ کی رفتار، فکسڈ براڈبینڈ اور موبائل انٹرنیٹ کے اہداف پر بھی بریفنگ دی گئی، جس میں 4G کوریج اور اسمارٹ فونز تک رسائی میں بہتری سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، چوہدری سالک حسین اور مصطفیٰ کمال، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔


