نئی ایل پی جی پرائسنگ پالیسی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج، ابتدائی دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ
ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرز کے وکیل اظہر صدیق نے گائیڈ لائنز معطل کرنے اور ایک ارب روپے تک نقصان کا مؤقف اپنایا جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے عبوری حکم سے پالیسی روکنے کی مخالفت کی۔

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی نئی ایل پی جی پرائسنگ پالیسی کو آئینی بنیادوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے، جہاں جسٹس خادم حسین سومرو نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سماعت کے دوران ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرز کی جانب سے وکیل اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے اور متنازعہ ایل پی جی پرائسنگ گائیڈ لائنز کے نفاذ اور عمل درآمد کو معطل کرنے کی استدعا کی۔ انہوں نے درخواست گزاروں کی معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرنے اور حتمی فیصلے تک اوگرا (OGRA) کو ان گائیڈ لائنز کے تحت کسی بھی کارروائی سے روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ قیمتوں کے نئے طریقہ کار کے باعث ایل پی جی کی درآمدی مارکیٹ میں پہلے ہی بھاری مالی نقصان ہو رہا ہے اور گزشتہ روز کی درآمدات کے حوالے سے تقریباً ایک ارب روپے کے نقصان کا تخمینہ سامنے آیا ہے۔ ان کے مطابق اگر نئی پالیسی پر عمل درآمد جاری رہا تو ایل پی جی کے شعبے میں مزید مالی بے یقینی اور کاروباری نقصان پیدا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایل پی جی پالیسی 2016 تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی تھی اور اس وقت مشترکہ مفادات کونسل (CCI) سے باقاعدہ منظوری حاصل کی گئی تھی، جبکہ آئین کے آرٹیکلز 153 اور 154 کے تحت معدنی تیل اور قدرتی گیس سے متعلق پالیسی اور نگرانی کا اختیار مشترکہ مفادات کونسل کے آئینی دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
دوسری جانب ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ عدالت میں پیش ہوئے اور ایل پی جی پرائسنگ پالیسی گائیڈ لائنز کی معطلی کی مخالفت کرتے ہوئے استدعا کی کہ عبوری حکم کے ذریعے پالیسی کے نفاذ کو نہ روکا جائے۔ سماعت کے اختتام پر جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ عدالت درخواست پر مناسب فیصلہ جاری کرے گی۔



