اسلام آباد ہائی کورٹ

نیب اور ایف آئی اے کو انکوائری کا حکم دینے کا معاملہ، بی این پی نے عدالتی درخواست واپس لے لی

جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے 2023 کے فیصلے کیخلاف دائر رٹ پٹیشن پر سماعت کی، جس میں سابق چیئرمین نور عالم خان کی سربراہی میں ایف آئی اے اور نیب کو کارروائی کی ہدایت دی گئی تھی۔

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں بی این پی (BNP) کمپنی کی جانب سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (PAC) کے 2023 کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 2023 میں دائر کی گئی یہ رٹ پٹیشن جسٹس راجہ انعام امین منہاس کی عدالت میں سماعت کے لیے مقرر تھی۔ سماعت کے دوران سی ڈی اے (CDA) کی جانب سے وکیل کاشف ملک جبکہ نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے پر پہلے ہی سنگل جج کا فیصلہ آ چکا ہے، جبکہ اس کے بعد جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی کارروائی اور وفاقی کابینہ کا فیصلہ بھی ہو چکا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں یا عدالت سے کوئی حکم چاہتے ہیں؟

جس پر بی این پی کمپنی کے وکیل نے درخواست واپس لینے کی اجازت طلب کی، جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے کیس نمٹا دیا۔

واضح رہے کہ بی این پی کمپنی نے 2023 میں سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان کی سربراہی میں ہونے والے کمیٹی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا، جس میں ون کانسٹیٹیوشن ایونیو معاملے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے اور نیب کو بی این پی کے خلاف کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button