محسن نقوی کا مارگلہ روڈ اور سنگجانی انٹرچینج منصوبے 31 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، کام ڈبل شفٹ میں جاری رکھنے اور تمام رکاوٹیں دور کرکے 31 دسمبر تک تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع اور سنگجانی انٹرچینج کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں پر کام ڈبل شفٹ میں جاری رکھا جائے اور رفتار تیز کرکے انہیں ہر صورت 31 دسمبر تک مکمل کیا جائے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد کے شہریوں کو موٹروے تک آمدورفت کے لیے ایک متبادل راستہ میسر آئے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی جائے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی راہ میں حائل تمام تجاوزات ایک ہفتے کے اندر کلیئر کی جائیں تاکہ تعمیراتی سرگرمیاں بلا رکاوٹ جاری رہ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔
دورے کے دوران کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق مارگلہ روڈ سے سنگجانی انٹرچینج تک منصوبے کی مجموعی لمبائی 2.7 کلومیٹر ہے، جبکہ اس میں ایک انڈر پاس اور ایک انٹرچینج بھی شامل ہے۔
دورے کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر دونوں منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔