سی ڈی اے

سی ڈی اے کے ہوٹلوں کے 5 پلاٹوں کی نیلامی ناکام، ایک بھی پلاٹ فروخت نہ ہو سکا

اربوں روپے مالیت کے پلاٹوں کی نیلامی میں صرف پانچ افراد نے حصہ لیا، ایک پلاٹ کی بولی ریزرو قیمت سے محض 5 ہزار روپے زیادہ رہی، سنگل بولی مسترد کر دی گئی۔

اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی جانب سے ہوٹلوں کے لیے مختص پانچ پلاٹوں کی نیلامی ناکام ہو گئی، اربوں روپے مالیت کے کسی بھی پلاٹ کی نیلامی نہ ہو سکی۔

دستیاب معلومات کے مطابق ہوٹلوں کے پلاٹوں کی نیلامی میں حصہ لینے کے لیے صرف پانچ افراد نے نام درج کرائے۔ نیلامی کے دوران صرف ایک پلاٹ کے لیے ریزرو قیمت سے پانچ ہزار روپے زیادہ بولی دی گئی، تاہم سنگل بولی ہونے کے باعث اسے مسترد کر دیا گیا۔

سرمایہ کاروں کے مطابق پلاٹوں کی ریزرو قیمت 19 لاکھ روپے فی مربع گز سے زیادہ ہے، جو بہت زیادہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں کے پلاٹوں کی قیمت 13 لاکھ روپے فی مربع گز سے زیادہ نہیں بنتی۔

ذرائع کے مطابق ممبر اسٹیٹ اور ممبر فنانس کی عدم دلچسپی کے باعث نیلامی ناکام ہوئی۔ ممبر فنانس نیلامی کے اختتام سے کچھ دیر قبل شرکت کے لیے پہنچے، جبکہ شعبہ اسٹیٹ کمرشل کے افسران اور اہلکاروں نے بھی نیلامی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شعبہ اسٹیٹ کمرشل کے افسران کی نااہلی اور غلط پالیسی سازی کے باعث نیلامی ناکام ہوئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button