ٹیکنالوجی

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد آئی ٹی پارک کو ’’دانش آئی ٹی پارک‘‘ کا نام دے دیا

دانش آئی ٹی پارک نوجوانوں کو اے آئی اور آئی ٹی کی تربیت، جدت اور کاروباری مواقع فراہم کرے گا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد نیشنل ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کرتے ہوئے اسے دانش آئی ٹی پارک کا نام دیا اور نوجوانوں کے لیے آئی ٹی و اے آئی کے مواقع اجاگر کیے

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیشنل ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کو اب ’’دانش آئی ٹی پارک‘‘ کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے، جدت کے فروغ اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جدید آئی ٹی پارک انکیوبیشن سینٹرز، اختراعی سرگرمیوں، اسٹارٹ اپس، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں نوجوان مرد و خواتین کو ہنر سیکھنے اور بااختیار بننے کا موقع ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب یہ آئی ٹی پارک مکمل طور پر فعال ہوگا تو انہیں امید ہے کہ اس طرز کے مزید آئی ٹی پارکس ملک کے چاروں صوبوں میں بھی قائم کیے جائیں گے۔ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے زراعت، صنعت، مینوفیکچرنگ اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں جدید علوم سے فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد 2017-18 میں رکھا گیا تھا۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں تعاون کرنے والے وزرا، وزارتِ آئی ٹی اور متعلقہ ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں اس منصوبے کو ناقابلِ عمل قرار دیا گیا تھا، تاہم ٹیم ورک اور مسلسل محنت سے اسے قابلِ عمل بنایا گیا۔

وزیراعظم نے جنوبی کوریا کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان اس منصوبے کی دیکھ بھال کرے گا تاکہ اسے کامیاب بنایا جا سکے۔ تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، جنوبی کوریا کے سفیر، آئی ٹی کمپنیوں کے سربراہان اور ماہرین نے شرکت کی۔

وزیراعظم کے مطابق آئی ٹی پارک کی اہمیت صرف عمارت تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد ایسا نظام تشکیل دینا ہے جہاں نوجوانوں کو جدید مہارتیں، فنی تربیت، انکیوبیشن اور کاروباری رہنمائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے متعلقہ وزارت کو ہدایت کی کہ شفاف طریقہ کار کے تحت ملکی اور غیر ملکی آئی ٹی و مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے اور موزوں شرائط پر بہترین کمپنی کو عمارت چلانے کی ذمہ داری دی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت روزمرہ آپریشنز میں براہِ راست مداخلت نہیں کرے گی بلکہ ماہرین اس مرکز کو عالمی معیار کے مطابق چلائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دانش آئی ٹی پارک کے وژن کو دوسرے صوبوں کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک وسعت دینے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔

وزیراعظم نے دانش اسکولوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے محروم طبقوں کے بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے ہیں اور ان کے فارغ التحصیل طلبہ مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دانش یونیورسٹی بھی تیزی سے قائم کی جا رہی ہے اور دانش آئی ٹی پارک کا نام اسی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button