عدالتیں و قانونی امور

اگر کیس کا ریکارڈ پیش نہ کیا تو ایس پی خرم اور ڈی ایس پی نعیم یوسف جیل کی تیاری کریں

ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف کیس میں تفتیشی افسر کی عدم پیشی پر عدالت برہم، آئی جی اسلام آباد آئندہ سماعت پر طلب، ایس پی خرم اور ڈی ایس پی نعیم یوسف کو شوکاز نوٹس جاری

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت کے کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ عدالت نے ریکارڈ پیش نہ ہونے پر ایس پی خرم اور ڈی ایس پی نعیم یوسف کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیے۔

کیس کی سماعت کے دوران ایس پی خرم اور ڈی ایس پی نعیم یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔ ایس پی نے بتایا کہ تفتیشی افسر خپلو گیا ہوا ہے اور واپسی پر عدالت میں پیش ہو جائے گا۔

جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے تفتیشی افسر کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ وہ کب واپس آئے گا۔ اس پر ڈی ایس پی نعیم یوسف نے بتایا کہ تفتیشی افسر کو واپس آنے میں مزید 10 سے 15 دن لگ سکتے ہیں۔

آئی جی اسلام آباد آئندہ سماعت پر طلب

جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ پولیس کی وجہ سے لوگ تھک چکے ہیں اور عدالت میں سب لوگ انتظار کر رہے ہیں، جبکہ عدالت نے فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کیا جائے، بصورت دیگر ایس پی اور ڈی ایس پی جیل جانے کی تیاری کریں۔ عدالت نے ایس پی خرم اور ڈی ایس پی نعیم یوسف کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو بھی اگلی سماعت پر طلب کر لیا۔

ریاست علی آزاد نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت کے لیے پیر کی تاریخ مقرر کی جائے، تاہم عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 نومبر تک ملتوی کر دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button