. ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کے ایک ماہ میں 272 مقدمات درج، 10 کروڑ سے زائد کی ریکوری
ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کی قیادت میں ایک ماہ کی شاندار کارکردگی؛ 5100 سے زائد شکایات پر فوری کارروائی، کروڑوں روپے کی ریکوری اور ہزاروں ملزمان گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی کے چارج سنبھالنے کے بعد اپنی ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اس ایک ماہ کے دوران ملک بھر سے سائبر جرائم کی 5176 شکایات موصول ہوئیں جن پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 4491 انکوائریاں رجسٹر کی گئیں۔ انکوائریوں کی تکمیل کے بعد سائبر کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات اٹھاتے ہوئے 272 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ایک ماہ کے اس مختصر عرصے میں ملک بھر میں چلائے جانے والے وسیع تر کریک ڈاؤن کے دوران سائبر جرائم میں ملوث 1129 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، ایجنسی نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے سائبر کرائم کا شکار ہونے والے متاثرین کو 10 کروڑ 53 لاکھ روپے ریکور کروا کر واپس لوٹائے ہیں، جو کہ ادارے کی کارکردگی کا ایک نمایاں باب ہے۔
ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے ڈیجیٹل تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سائبر جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا۔



