این سی سی آئی اے

وفاقی حکومت کا سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے 6 ہزار نئے اہلکار بھرتی کرنے کا بڑا فیصلہ

آئندہ 9 ماہ میں سائبر پولیس اسٹیشنز کی تعداد 16 سے بڑھا کر 150 کی جائے گی، این سی سی آئی اے کی وزیراعظم کو بریفنگ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں بڑھتے ہوئے سائبر کرائم کی روک تھام: 6 ہزار "سائبر اسپیس ڈیفنڈرز” بھرتی کرنے کا فیصلہ کی روک تھام کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 6 ہزار نئے "سائبر اسپیس ڈیفنڈرز” بھرتی کرنے اور آئندہ 9 ماہ میں سائبر پولیس اسٹیشنز کی تعداد 16 سے بڑھا کر 150 کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے وزیراعظم کو سائبر پولیسنگ کے ڈھانچے پر دی گئی ایک اہم بریفنگ میں چشم کشا انکشافات سامنے آئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کی 25 کروڑ آبادی اور 173 اضلاع کے لیے اس وقت صرف 16 سائبر پولیس اسٹیشنز کام کر رہے ہیں۔ وسائل کی شدید کمی کے باعث سائبر کرائم کے 3 لاکھ 24 ہزار 404 مقدمات التوا کا شکار ہیں، جبکہ 80 فیصد عوامی شکایات پر تاحال مقدمہ تک درج نہیں ہو سکا۔ بریفنگ کے مطابق کھلی کچہریوں میں پولیس کو موصول ہونے والی 70 فیصد شکایات کا تعلق سائبر کرائم سے ہوتا ہے۔

نئی بھرتیوں اور پولیس اسٹیشنز کا منصوبہ:
مجوزہ اصلاحاتی منصوبے کے تحت بھرتی کیے جانے والے 6 ہزار اہلکاروں میں 3,500 تفتیشی افسران، 1,000 سوات/ریڈ ٹیم اہلکار اور 1,000 آئی ٹی ماہرین شامل ہوں گے، جبکہ نسٹ (NUST) اور لمز (LUMS) جیسے صف اول کے تعلیمی اداروں سے 500 نوجوان ڈیٹیکٹوز کو بھی فورس کا حصہ بنایا جائے گا۔

ملک بھر میں قائم کیے جانے والے 150 سائبر پولیس اسٹیشنز کی تقسیم کے تحت پنجاب میں 46، خیبرپختونخوا میں 36، سندھ میں 31، بلوچستان میں 22 جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گلگت بلتستان میں مجموعی طور پر 15 اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

ادارے کو درپیش سنگین مالی و انتظامی بحران:
بریفنگ میں این سی سی آئی اے کو درپیش شدید مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ادارے کی کل نفری محض 503 ہے، جن میں سے ملک بھر میں صرف 226 مستعار تفتیشی افسران تعینات ہیں۔ پنجاب کی 14 کروڑ آبادی کے لیے صرف 61 افسران کام کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں لاہور میں ایک تفتیشی افسر پر اوسطاً 3,441 اور ملتان میں 4,672 کیسز کا غیر معمولی بوجھ ہے۔

مزید انکشاف کیا گیا کہ ایجنسی کے پاس آپریشنز چلانے کے لیے اپنی کوئی سرکاری عمارت موجود نہیں اور دفاتر کی مد میں ماہانہ 3 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد کرایہ ادا کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ایجنسی کے نیٹ ورک، آئی پی ایس/ایس آئی ای ایم (IPS/SIEM) اور ڈیجیٹل فرانزک لائسنسز کی مدت بھی ختم ہو چکی ہے، جبکہ پنجاب پولیس کے مقابلے میں این سی سی آئی اے افسران کی تنخواہوں میں 46 فیصد تک فرق پایا جاتا ہے۔

بجٹ کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2026-27 کے لیے 5 ارب 68 کروڑ روپے کی ضرورت کے برعکس صرف 1 ارب 31 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے اتھارٹی کو 77 فیصد شدید بجٹ خسارے کا سامنا ہے۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button