اسلام آباد میں بڑا فیصلہ، یکم دسمبر سے نقد لین دین مکمل بند، صرف ڈیجیٹل ادائیگی ہوگی
میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے تمام دفاتر میں ٹیکس، فیس، کرایوں اور جرمانوں سمیت تمام ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے وصول کی جائیں گی، نقد رقم، چیک، پے آرڈر اور ڈیمانڈ ڈرافٹ بھی قبول نہیں ہوں گے۔

اسلام آباد: وزیراعظم کے ویژن کے تحت وفاقی دارالحکومت کو کیش لیس بنانے کے اقدامات کے سلسلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے یکم دسمبر 2026 سے اپنے تمام دفاتر میں نقد لین دین مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف آفیسر ایم سی آئی کیپٹن (ر) اویس افضل کی جانب سے 25 نومبر 2026 کو جاری کیے گئے باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم دسمبر سے ایم سی آئی کے کسی بھی ڈائریکٹوریٹ، ونگ یا برانچ میں نقد ادائیگی وصول نہیں کی جائے گی۔


تمام ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے ہوں گی
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس، مختلف فیسوں، کرایوں، جرمانوں اور لائسنس فیس سمیت تمام سرکاری ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے وصول کی جائیں گی۔ یکم دسمبر سے نقد رقم کے علاوہ پے آرڈر، ڈیمانڈ ڈرافٹ اور چیک کے ذریعے ادائیگیاں بھی قبول نہیں کی جائیں گی۔
ایم سی آئی انتظامیہ نے تمام کیش کاؤنٹرز کو 30 نومبر 2026 تک بند کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ دفاتر میں موجود تمام دستی رسید بکس سیل کرکے متعلقہ اکاؤنٹس آفس میں جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
عملدرآمد نہ کرنے پر محکمانہ کارروائی ہوگی
نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایم سی آئی کے تمام دفاتر میں آن لائن ادائیگیوں کے طریقہ کار سے متعلق عوامی آگاہی نوٹس آویزاں کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے آگاہ کیا جا سکے۔
تمام ڈائریکٹرز کو سات روز کے اندر احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ چیف آفیسر کو جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یکم دسمبر کے بعد نقد رقم وصول کرنے والے کسی بھی افسر یا اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی، جبکہ احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ ڈائریکٹر اور دفتر کا سربراہ بھی ذاتی طور پر جواب دہ ہوگا۔
اس اقدام کا مقصد ایم سی آئی کے مالیاتی نظام کو ڈیجیٹل بنانا، نقد لین دین کا خاتمہ اور سرکاری ادائیگیوں کے نظام میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔

