اسلام آباد: شہزاد ٹاؤن میں پولیس اہلکار ظاہر کرکے تین مسلح افراد شہری کے گھر میں داخل، 25 ہزار روپے لے جانے کا الزام
شہری امیر خان کا دعویٰ ہے کہ سویلین لباس میں ملبوس تین افراد نے خود کو تھانہ سیکریٹریٹ کا اہلکار ظاہر کیا، گھر کی تلاشی لی، خواتین سے بدتمیزی کی اور رقم لے کر فرار ہو گئے۔
اسلام آباد: تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں تین مسلح افراد کی جانب سے پولیس اہلکار ظاہر کرکے شہری کے گھر میں داخل ہونے اور رقم لے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
شہری امیر خان کے مطابق سویلین لباس میں ملبوس تین افراد پستول لیے ان کے گھر میں داخل ہوئے اور خود کو تھانہ سیکریٹریٹ کا اہلکار ظاہر کیا۔ شہری کا الزام ہے کہ تینوں افراد نے زبردستی گھر کی تلاشی لی، صندوق کھول کر دیکھے، خواتین سے بدتمیزی کی اور 25 ہزار روپے لے کر فرار ہو گئے۔
امیر خان نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے دوران انہوں نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال بھی کی، تاہم پولیس نفری موقع پر نہیں پہنچی۔
شہری کے مطابق گھر میں داخل ہونے والے تین افراد میں سے ایک کو وہ پہلے تھانہ ترنول میں دیکھ چکے ہیں۔
واقعے کے بعد یہ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ گھر میں داخل ہونے والے افراد واقعی پولیس اہلکار تھے یا مسلح ملزمان نے پولیس کا روپ دھار رکھا تھا۔ تاہم واقعے سے متعلق ان الزامات کی آزادانہ تصدیق اور پولیس کا مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔
