اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرانے کا حکم، آج ہی شیڈول جاری ہوگا
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرانے کا حکم دے دیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے مطابق کمیشن آج ہی انتخابات کا شیڈول جاری کرے گا۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی، جس میں سیکرٹری داخلہ اور الیکشن کمیشن کے حکام پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکرٹری ظفر اقبال ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چھ بار حلقہ بندیاں کی جا چکی ہیں اور چار بار انتخابات کا شیڈول جاری کیا جا چکا ہے۔ آخری انتخابی پروگرام 9 اکتوبر 2026 کو جاری کیا گیا تھا، جبکہ فروری 2026 میں پولنگ ہونا تھی۔
اسپیشل سیکرٹری کے مطابق حکومت نے آرڈیننس جاری کیا تھا اور ڈیٹا و نقشے حاصل کر لیے گئے تھے، تاہم حلقہ بندیاں جاری ہونے کے دوران 6 ستمبر کو آرڈیننس کی مدت ختم ہوگئی۔ اب 14 اکتوبر کو حتمی حلقہ بندیاں شائع ہو چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ کو دو بار یاددہانی کے مراسلے بھجوائے گئے اور آرڈیننس کی مدت ختم ہونے سے آگاہ کیا گیا، لیکن اسلام آباد لوکل گورنمنٹ کے قواعد ابھی تک فراہم نہیں کیے گئے۔ وزارت قانون نے قواعد کی توثیق کرنے سے انکار کیا، جبکہ وفاقی حکومت نے ابھی تک لوکل گورنمنٹ قانون نہیں بنایا۔
اسپیشل سیکرٹری نے کہا کہ 2015 کا بلدیاتی قانون موجود ہے اور اسی کے تحت انتخابات کرانے کی اجازت دی جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ بتائے گئے حقائق درست ہیں، تاہم 2015 کے قانون پر جانے کی صورت میں تمام عمل ختم کرنا ہوگا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 2015 کے قانون پر جانے سے حلقہ بندیاں متاثر نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر سمیت وزراء کی کمیٹی نے یقین دہانی کرائی تھی، تاہم ایسا لگتا ہے کہ حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین کے مطابق بلدیاتی انتخابات قانون کے تحت ہونا ہیں اور اب الیکشن کمیشن مجبور ہو کر اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حکم جاری کر رہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرانے کا حکم دے دیا۔ کمیشن کے فیصلے کے مطابق انتخابات کا شیڈول آج ہی جاری کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے مختصر حکمنامہ پڑھ کر سنایا۔