پنجاب حکومت کی درخواست منظور، بلدیاتی انتخابات 7 فروری سے شروع کرنے کا فیصلہ
چیف سیکرٹری پنجاب کی درخواست منظور، انتخابات 20 جنوری کے بعد اور مرحلہ وار کرانے کا فیصلہ۔

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مختصر حکم نامہ جاری کرتے ہوئے پہلے مرحلے کے انتخابات کی تاریخ 7 فروری 2027 مقرر کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکم نامے کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی کمیٹی اور الیکشن کمیشن کے درمیان باہمی مشاورت سے بلدیاتی انتخابات دسمبر 2026 سے جنوری 2027 کے دوران کرانے پر اتفاق ہوا تھا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے استدعا کی تھی کہ انتخابات کی تاریخ ترجیحاً 20 جنوری 2027 کے بعد مقرر کی جائے، جبکہ موسم اور انتظامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات مرحلہ وار کرائے جائیں۔
الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کی استدعا مفادِ انصاف میں منظور کرتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری 2027 کو کرانے کا حکم دے دیا۔
حکم نامے میں الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ انتخابات ایمانداری، شفافیت، انصاف اور قانون کے مطابق کرانا، جبکہ تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کرنا کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تحت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار منعقد کیے جائیں گے۔


