اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اہم ملاقات، اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال
ملاقات میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسداد دہشت گردی اور سندھ طاس معاہدے سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

ا سلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات کی، جس میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان اور انسداد دہشت گردی سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات سمیت تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے مؤثر ذریعہ ہیں اور عالمی و علاقائی مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مذاکرات، ثالثی اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف کیا۔
ملاقات میں خطے میں امن و استحکام، تنازعات کے پرامن حل اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

