اسلام آباد ہائی کورٹ

شہری کے گھر مبینہ غیر قانونی چھاپہ، سامان اور سونا لے جانے کے الزام پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا نیب سے جواب طلب

جسٹس خادم حسین سومرو نے نیب پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت پر مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کر دی، درخواست گزار کو چیئرمین نیب سے رجوع کرنے کا بھی کہا گیا۔

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری کے گھر مبینہ طور پر بغیر وارنٹ چھاپہ مارنے، توڑ پھوڑ کرنے اور قیمتی سامان سمیت سونا لے جانے کے معاملے پر نیب سے وضاحت طلب کر لی۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت پر مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے شہری محمد وسیم ملک کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل اور نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب کے تفتیشی افسر نے بغیر وارنٹ ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور قیمتی سامان لے گیا، جبکہ ان کے خلاف نیب میں کوئی تفتیش، انکوائری یا ریفرنس زیر التوا نہیں ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ تفتیشی افسر نے بغیر وارنٹ گھر میں داخل ہونے اور سامان لے جانے کا اقرار کیا ہے، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔ عدالت نے سونا لے جانے کے الزام سے متعلق بھی استفسار کیا۔

نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت کو بتایا کہ بظاہر اس معاملے میں کوئی درخواست یا ریکارڈ موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے سرچ وارنٹ موجود ہوں، تاہم گرفتاری کے وارنٹ حاصل نہ کیے گئے ہوں۔

عدالت نے اس مؤقف پر سوال اٹھایا کہ وارنٹ حاصل کرنے کے لیے وقت کیوں نہیں تھا۔ سماعت کے دوران عدالت نے یہ بھی استفسار کیا کہ کیا کوئی قانون شہری کو اس معاملے پر درخواست دینے سے روکتا ہے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ایسا کوئی قانون نہیں۔

بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار کو چیئرمین نیب کے نام درخواست دینے کی ہدایت کی اور نیب پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت پر مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button