سول جج اور سینئر سول جج کی بھرتی، آزاد کشمیر کے ڈومیسائل والے امیدوار نااہل قرار
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے انتظامی سائیڈ پر آزاد کشمیر کے ڈومیسائل کے حامل شہری کی اہل امیدوار ہونے کی درخواست مسترد کر دی۔ امتحانات ڈیپارٹمنٹ نے خط کے ذریعے آگاہ کیا کہ اسلام آباد جوڈیشل سروس رولز کے مطابق امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا لازم ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سول جج اور سینئر سول جج کی بھرتی کے لیے اہل امیدواروں سے متعلق معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں آزاد کشمیر کا ڈومیسائل رکھنے والے شہری کی اہل امیدوار قرار دینے کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
خط کے متن کے مطابق درخواست 30 ستمبر کو چیف جسٹس کے سامنے پیش کی گئی تھی۔ چیف جسٹس نے انتظامی بنیادوں پر درخواست مسترد کر دی، جس سے درخواست گزار کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے امتحانات ڈیپارٹمنٹ نے خط کے ذریعے آگاہ کیا۔
خط میں کہا گیا کہ بھرتی کے لیے اسلام آباد جوڈیشل سروس رولز کے مطابق امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا لازم ہے۔ ایک عدالتی فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ آزاد کشمیر کے باشندے شہریت کی اس شرط پر پورا نہیں اترتے۔
خط کے متن کے مطابق سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے فیصلے میں آزاد کشمیر اور پاکستان کو الگ الگ خطے قرار دیا گیا ہے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ آزاد کشمیر کے ڈومیسائل کے حامل امیدوار اہل نہیں، اس لیے درخواست گزار اپنی فیس واپس لے سکتا ہے۔



