اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو ہوں گے، الیکشن شیڈول جاری
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ 20 دسمبر کو صبح 8 سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ شیڈول کے اجرا کے بعد تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پولنگ 20 دسمبر 2026 کو ہوگی۔ انتخابی شیڈول کے تحت کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے لیے عوامی نوٹس 30 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا، جبکہ امیدوار 2 سے 6 نومبر تک کاغذات جمع کرا سکیں گے۔
کاغذات کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک ہوگی، اپیلیں 14 سے 18 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی اور ان پر فیصلے 19 سے 23 نومبر تک ہوں گے۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 24 نومبر کو جاری کی جائے گی، جبکہ انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے روز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل ووٹ ڈالے جا سکیں گے، جبکہ انتخابی نتائج کی یکجائی کا عمل 21 سے 24 دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔ انتخابی شیڈول کے اجرا کے بعد اسلام آباد میں سرکاری افسران اور اہلکاروں کی تقرریوں اور تبادلوں کے لیے الیکشن کمیشن کی پیشگی منظوری ضروری ہوگی۔ انتخابی عمل کے دوران سرکاری وسائل کے استعمال اور انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے سے متعلق ضابطوں پر عمل درآمد کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
