احتجاج اور مظاہرے

پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا اہم اعلامیہ، عمران خان کی صحت، گرفتاریوں اور مہنگائی پر بڑے مطالبات

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے ملک کی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گرفتار پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی، بانی چیئرمین اور بشریٰ بی بی کو مناسب طبی سہولیات کی فراہمی اور مہنگائی میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی، ان کی صحت اور ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سیاسی کمیٹی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر گرفتار پارلیمنٹیرینز کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منتخب عوامی نمائندوں کو حراست میں رکھنا جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔ پی ٹی آئی نے ایم پی او کے تحت گرفتار پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سیاسی اختلاف کی بنیاد پر گرفتاریوں اور انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت پر تشویش

سیاسی کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ہسپتال منتقل کیے جانے سے متعلق اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے اقدامات میں اہلِ خانہ کو اعتماد میں نہ لینا اور بروقت اطلاع فراہم نہ کرنا بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔

پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری اور مکمل عملدرآمد کیا جائے، ان کی صحت کے بارے میں اہلِ خانہ کو باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے اور خاندان کو ملاقات و عیادت کی سہولت فراہم کی جائے۔

سیاسی کمیٹی نے بشریٰ بی بی کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے اور ان کی اہلِ خانہ سے ملاقات یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اعلامیے میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی گرفتاری اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے اور عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کی مذمت

پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی عادل بازی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

اعلامیے میں سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان، شیر علی ارباب اور شاہ احد کے گھروں پر چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی بھی مذمت کی گئی ہے۔

سیاسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفین کے گھروں اور خاندانوں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے۔ پارٹی کارکنان کے گھروں پر چھاپوں، غیر قانونی گرفتاریوں اور ہراساں کرنے کے واقعات فوری طور پر بند کیے جائیں۔

پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی احکامات کے تحت رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاریاں قانون کی حکمرانی پر سنگین سوالات اٹھاتی ہیں۔

دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال پر تشویش

سیاسی کمیٹی نے ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک قومی ناسور ہے اور اس کے خاتمے کے لیے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

پی ٹی آئی نے امن و امان کے قیام کے ساتھ عوام اور سیاسی کارکنان کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے۔

مہنگائی اور ایل پی جی کی قیمتوں پر حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ

پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بجلی کے بھاری بلوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومتی پالیسیوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ ضروری اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے اخراجات میں اضافے سے عوامی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

سیاسی کمیٹی کے مطابق ایل پی جی 238 روپے فی کلو کے حساب سے حاصل ہونے کے باوجود صارفین کو 700 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی نے ایل پی جی کی قیمتوں کی جانچ پڑتال، ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات و بجلی کی قیمتوں میں حقیقی ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بھاری بلوں اور اضافی مالی بوجھ میں کمی کی جائے جبکہ ایل پی جی سمیت بنیادی ضروریاتِ زندگی کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ میں لائی جائیں۔

بانی پی ٹی آئی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اعادہ

سیاسی کمیٹی نے اعلامیے میں واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں کسی قسم کی گروپ بندی یا تقسیم نہیں ہے اور پوری جماعت بانی چیئرمین کی قیادت، نظریے اور مشن کے ساتھ متحد ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق بانی چیئرمین کی رہائی، جمہوریت کی بحالی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی جبکہ پارٹی رہنما اور کارکنان مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

Rana Ruman Muzaffar

رانا رومان مظفر یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب (UCP)، لاہور سے میڈیا اسٹڈیز میں فارغ التحصیل ہیں اور ایک تجربہ کار براڈکاسٹ صحافی ہیں۔ وہ ہم نیوز کے ساتھ بطور سینئر رپورٹر وابستہ ہیں۔ان کی صحافتی رپورٹنگ کا محور سیاسی امور، پارلیمانی کارروائیاں اور پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی اہم پیش رفت ہے۔ اس کے علاوہ وہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں کاروباری اور معاشی خبروں کی کوریج بھی کرتے ہیں اور اہم پالیسی فیصلوں اور تجارتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی رپورٹنگ فراہم کرتے ہیں۔ ان سے ای میل کے ذریعے ruman@islamabadtribune.com پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button