اسلام آباد ہائی کورٹ

شیشہ کیفے پر پابندی کیخلاف اپیل منظور ہائیکورٹ کا فریقین کو نوٹس

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفوں پر پابندی کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔ درخواست گزاروں نے اپیل کے حتمی فیصلے تک پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے کی استدعا کی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفے پر پابندی عائد کرنے کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے منظور کر لی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

جسٹس انعام امین منہاس اور جسٹس ایاز شوکت پر مشتمل ڈویژن بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر عادل عزیز قاضی عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت درخواست گزاروں کے وکیل نے استدعا کی کہ انٹرا کورٹ اپیل کے حتمی فیصلے تک شیشہ کیفوں پر پابندی سے متعلق سنگل بنچ کے فیصلے پر عمل درآمد روک دیا جائے اور فیصلے کے پیراگراف 30 کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔

این او سی کیسے جاری ہوئے؟ عدالت کا سوال

جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ سنگل بنچ کے فیصلے سے پہلے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایک فیصلہ آ چکا تھا، جس میں شیشہ کیفوں کے حوالے سے قواعد بنانے کی ہدایت کی گئی تھی اور پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔

جسٹس انعام امین منہاس نے استفسار کیا کہ جب پہلے ہی پابندی عائد تھی تو پھر شیشہ کیفوں کے لیے این او سی کیسے جاری کیے گئے؟

بیرسٹر عادل عزیز قاضی نے مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ انتظامیہ نے این او سی جاری کیے تھے اور درخواست گزار چاہتے ہیں کہ ان این او سیز کی بنیاد پر انہیں کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔

اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ فریقین کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں، جواب آنے پر معلوم ہو جائے گا کہ قواعد بنائے بغیر این او سی کیسے جاری کیے گئے۔

کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کا مؤقف

درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ این او سی ملنے کے بعد شیشہ کیفے مالکان نے کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔ انہوں نے استدعا کی کہ اپیل کے حتمی فیصلے تک شیشہ کیفوں پر پابندی کے حکم کو معطل کیا جائے۔

درخواست گزاروں کی جانب سے یہ بھی استدعا کی گئی کہ ریستوران اور کیفے کی دیگر قانونی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔

جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے پہلے بھی دو فیصلے آ چکے ہیں جنہیں چیلنج نہیں کیا گیا۔ اب درخواست گزار اپیل میں آئے ہیں، تاہم شیشہ کیفوں سے متعلق قواعد اب تک نہیں بنائے گئے۔

فریقین کو نوٹس، سماعت ملتوی

عدالت نے درخواست گزاروں کی جانب سے سنگل بنچ کے فیصلے پر عمل درآمد معطل کرنے کی استدعا پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button