وفاقی دارالحکومت کے امور

وفاقی حکومت نے نئے کرنسی نوٹسز کے نئے ڈیزائنز کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی منظوری دے دی، خیبرپختونخوا میں اختیارات کی منتقلی کی بھی منظوری۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کرتے ہوئے نئے کرنسی نوٹسز کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی، جبکہ 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے ملک بھر سے مصوروں اور ڈیزائنرز کی تجاویز حاصل کی گئیں، جبکہ وزیراعظم کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے تمام متعلقہ فریقین سے تفصیلی مشاورت کی۔

نئے نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے

وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے نئے نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے اور جدید میٹریل استعمال کیا جائے گا، جس سے کرنسی نوٹوں کی پائیداری اور استعمال کی مدت میں بھی اضافہ ہوگا۔

کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن منظور کیے اور 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی۔

خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر کو منتقل

وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں انتظامی امور کی سہل انجام دہی اور گورننس کی بہتری کے لیے ایمرجنسی کی مدت کے دوران وزیراعلیٰ کو تفویض شدہ اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

اعلامیے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا روزمرہ انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے ان اختیارات کا استعمال کریں گے اور ہر ماہ وفاقی حکومت کو اپنے اقدامات سے متعلق جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ گورنر خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبائی ایڈوائزری کونسل عوام کی بہتری، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کر دی۔ یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اعلامیے کے مطابق کویتی حکومت 19 جولائی کو اس معاہدے کی توثیق کر چکی ہے۔

دیگر فیصلوں کی بھی منظوری

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 26 اکتوبر کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

اس کے علاوہ کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 22 جنوری، 26 فروری، 5، 18 اور 27 اگست جبکہ 11 اور 22 ستمبر کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button