وزیراعظم کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اجلاس
گیس کی بلا تعطل درآمد، گھریلو صارفین کو ترجیح اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

گیس کی بلا تعطل درآمد، گھریلو صارفین کو ترجیح اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے گیس لوڈ مینجمنٹ کے لیے جامع لائحہ عمل ترتیب دینے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے گیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی پر عملدرآمد کے حوالے سے بھرپور عوامی آگہی مہم چلانے اور موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے پیشگی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی گیس کی فراہمی میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے گی جبکہ بجلی کی پیداوار اور صنعتوں کے لیے آر ایل این جی ترجیح ہوگی۔ گھریلو سطح پر مقامی گیس کی جگہ متبادل ذرائع توانائی کے فروغ کے لیے عوامی آگہی مہم شروع کرنے، شمالی علاقوں میں موجود گیس کے ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے اور واٹر و اسپیس ہیٹنگ کے لیے بجلی سے چلنے والے آلات کے حوالے سے بینک فنانسنگ کی سہولت متعارف کروانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔