اسلام آباد پولیس میں 29 ریٹائرڈ افسران اور ملازمین کے کنٹریکٹ ختم
ریٹائرمنٹ کے بعد کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے والے 29 افسران اور ملازمین کے مزید کنٹریکٹ منسوخ، آئی جی اسلام آباد کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد پولیس میں ریٹائرمنٹ کے بعد کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے والے 29 افسران اور ملازمین کے مزید کنٹریکٹ منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد سہیل چودھری کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔


ذرائع کے مطابق کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے والوں میں 4 ایس پی، 3 ڈی ایس پی اور 3 انسپکٹرز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریڈیالوجی اسسٹنٹ، لیگل اسسٹنٹ، ڈائریکٹر آئی ٹی، سافٹ ویئر انجینئر، چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور کانسٹیبل بھی شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ان افسران اور ملازمین کی خدمات 2023 سے حاصل کی جا رہی تھیں، جن کے کنٹریکٹ 30 جون تک برقرار رہے۔ کنٹریکٹ کی مدت مکمل ہونے کے بعد مزید توسیع منسوخ کرتے ہوئے انہیں عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے والے بعض افسران خاطر خواہ نتائج دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔



