اسلام آباد ہائیکورٹ کا کورال چوک میں تجاوزات کے خلاف کارروائی روکنے کا حکم برقرار
سی ڈی اے سمیت تمام فریقین کو دو ہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت، جسٹس محمد اعظم خان نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے کورال چوک اور اطراف میں تجاوزات سے متعلق سی ڈی اے کے نوٹسز کے خلاف دائر درخواستوں پر درخواست گزاروں کے خلاف کسی بھی قسم کی تادیبی کارروائی روکنے کا حکم برقرار رکھا ہے۔
جسٹس محمد اعظم خان نے ایک صفحے پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سی ڈی اے سمیت تمام فریقین کو درخواستوں پر جواب جمع کرانے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت دے دی۔

سی ڈی اے کو دو ہفتوں میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت
تحریری حکم نامے کے مطابق سی ڈی اے کے وکیل نے وکالت نامہ اور پیرا وائز کمنٹس جمع کرانے کے لیے عدالت سے وقت مانگا۔ عدالت نے سی ڈی اے کو ضروری کارروائی مکمل کرکے دو ہفتوں میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
عدالت نے درخواست گزاروں کے حق میں پہلے سے جاری حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے ان کے خلاف کسی بھی قسم کی تادیبی کارروائی روکنے کا حکم دیا ہے۔
سروس روڈ کی تعمیر کے لیے آپریشن کا نوٹس چیلنج
درخواست گزار ملک ممتاز، زرداں بیگم اور دیگر نے سروس روڈ کی تعمیر کے لیے آپریشن سے متعلق سی ڈی اے کے نوٹسز کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
عدالت نے تمام یکجا درخواستوں کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کرتے ہوئے کیسز دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔



