چیئرمین سی ڈی اے 11 نومبر کو پارک انکلیو میں کھلی کچہری لگائیں گے
سہیل اشرف صبح 10 بجے الاٹیز اور رہائشیوں کے مسائل سنیں گے، شہریوں کو متعلقہ دستاویزات اور سابقہ خط و کتابت ہمراہ لانے کی ہدایت۔

اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف 11 نومبر 2026 کو پارک انکلیو اسلام آباد میں کھلی کچہری منعقد کریں گے، جہاں وہ الاٹیز اور رہائشیوں کے مسائل اور شکایات براہ راست سنیں گے۔
کھلی کچہری بدھ کی صبح 10 بجے منعقد ہوگی، جس کا مقصد پارک انکلیو فیز 1، 2 اور 3 میں جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق الاٹیز کو درپیش مسائل، شکایات اور رکاوٹوں کا جائزہ لینا اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنا ہے۔
اس موقع پر سی ڈی اے کے تمام متعلقہ شعبوں کے افسران بھی موجود ہوں گے، جو شہریوں کی شکایات سننے اور ممکنہ طور پر موقع پر مسائل کے حل میں معاونت فراہم کریں گے۔
سی ڈی اے نے پارک انکلیو کے تمام الاٹیز اور رہائشیوں کو کھلی کچہری میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مسائل کے فوری حل میں سہولت کے لیے الاٹمنٹ لیٹر، متعلقہ دستاویزات اور سی ڈی اے کے ساتھ سابقہ خط و کتابت کی نقول بھی ہمراہ لائیں۔



