کابینہ ڈویژن

توشہ خانہ کے نئے ریکارڈ میں بڑے نام، صدر، وزیراعظم اور وفاقی وزراء کو کیا کچھ ملا؟

کابینہ ڈویژن کے مطابق جولائی تا ستمبر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر حکومتی عہدیداروں کو مختلف تحائف ملے۔ جاری کردہ تفصیلات میں سونے، قالین، پینٹنگز، گھڑی اور دیگر اشیا کا ذکر شامل ہے۔

اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی کے توشہ خانہ ریکارڈ کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزرا سمیت اہم حکومتی عہدیداروں کو ملنے والے تحائف شامل ہیں۔

کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ اور وزیر ریلوے حنیف عباسی بھی تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔

صدر آصف علی زرداری کو ملنے والے تحائف

صدر مملکت آصف علی زرداری کو موسیقی کا آلہ، تیر اور کمان کا سیٹ، قالین، آرائشی اشیا اور دیگر تحائف ملے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے تحائف

وزیراعظم شہباز شریف کو ملنے والے تحائف میں روضہ رسول ﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈل، قالین، ٹائی، کف لنکس، ایک کلو سونا، ٹیبل کلاک اور دیگر اشیا شامل ہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے تحائف

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو پینٹنگز، پرفیوم، کف لنکس، کپ اور دیگر تحائف موصول ہوئے۔

دیگر حکومتی عہدیدار

ریکارڈ میں مشیر برائے نجکاری محمد علی، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عمر عالم، کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال، سیکرٹری اقتصادی امور اور آمنہ بلوچ کے نام بھی شامل ہیں۔

تحائف کی دیگر اقسام

جولائی تا ستمبر 2026 کے دوران موصول ہونے والے تحائف میں فیصل مسجد کا فریم، پینٹنگز، شیلڈز، چائے کے سیٹ، ٹائیاں، آرائشی اشیا، خنجر، قالین، اسکارف، ہاتھ سے تیار کردہ ایرانی تانبے کا ڈبہ، چائے کے کپ، عطر، ٹیبلٹ اور موسیقی کے آلات شامل ہیں۔

کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق تمام وصول کنندگان نے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے ہیں، جبکہ تحائف کی مالیت کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔

Hussain Ahmad Ch

حسین احمد چوہدری اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی ہیں، جو عدالتی، آئینی اور حکومتی امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وہ اس وقت اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں، جبکہ اس سے قبل 92 نیوز اور بول نیوز میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اسلام آباد سے میڈیا کے شعبے میں تعلیم حاصل کی۔ انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ، آئینی مقدمات، اہم عدالتی کارروائیوں اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں ہونے والی پیش رفت کی رپورٹنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن میں صدر، نائب صدر اور سیکریٹری سمیت مختلف اہم عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جو دارالحکومت کی قانونی صحافت سے ان کی طویل وابستگی کا عکاس ہے۔ ان کی صحافت کا بنیادی محور عدالتی جواب دہی، ادارہ جاتی شفافیت اور عوامی مفاد سے متعلق اہم معاملات ہیں۔ ان سے ای میل کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے: Hussain@islamabadtribune.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button