پی ٹی آئی میں فیصلوں کا اختیار صرف عمران خان کے پاس، کمیٹیوں کو مائنس کرنے کی خبریں مسترد
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی کے اختیارات پارلیمانی پارٹی کو منتقل کرنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں فورمز کے الگ الگ دائرۂ اختیار اور ذمہ داریاں ہیں۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پارٹی کی کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی کو غیر مؤثر بنانے اور تمام اختیارات پارلیمانی پارٹی کو منتقل کرنے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد، گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔
مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ کور کمیٹی، پولیٹیکل کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی پی ٹی آئی کے تین الگ الگ فورمز ہیں، جن کے اپنے اپنے دائرۂ اختیار اور ذمہ داریاں ہیں۔ ان کے مطابق پارٹی کے تنظیمی اور سیاسی امور سے متعلق فیصلے کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی کے دائرۂ اختیار میں آتے ہیں، جبکہ پارلیمانی پارٹی پارلیمانی معاملات پر فیصلے کرتی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی ایک اہم فورم ہے اور اس کی تجاویز و سفارشات کو اہمیت دی جاتی ہے۔ متعلقہ معاملات پر غور کے لیے یہ تجاویز کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی کے سامنے رکھی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے فیصلوں کا حتمی اختیار بانی چیئرمین عمران خان کے پاس ہے اور متعلقہ کمیٹیوں کو اختیارات بھی انہی کی جانب سے تفویض کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق پارٹی کا تنظیمی اور فیصلہ سازی کا نظام عمران خان کی ہدایات اور تفویض کردہ اختیارات کے تحت کام کرتا ہے۔
بیان میں کور کمیٹی یا پولیٹیکل کمیٹی کو غیر مؤثر بنانے، انہیں ختم کرنے یا ان کے اختیارات پارلیمانی پارٹی کو منتقل کرنے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی گئی اور میڈیا سے اپیل کی گئی کہ غیر مصدقہ اطلاعات کی تشہیر سے گریز کیا جائے۔


