پارلیمنٹ (قومی اسمبلی و سینیٹ)

پہلے پیسے پھر علاج؟ نجی ہسپتالوں میں ایڈوانس فیس روکنے کا بل منظور

اسلام آباد کنزیومر پروٹیکشن ترمیمی بل 2026 سینیٹ سے منظور ہوگیا۔ مجوزہ قانون کے تحت نجی طبی اداروں میں فیسوں کی شفافیت، تفصیلی بلنگ اور ہنگامی علاج سے پہلے ایڈوانس رقم طلب کرنے کی روک تھام کی تجاویز شامل ہیں

اسلام آباد: نجی ہسپتالوں، کلینکس اور لیبارٹریز میں مریضوں سے اخراجات کی وصولی میں شفافیت لانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اسلام آباد کنزیومر پروٹیکشن ترمیمی بل 2026 سینیٹ سے منظور کر لیا گیا۔ بل سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پیش کیا۔

ہنگامی علاج سے پہلے ایڈوانس وصولی پر پابندی کی تجویز

بل کے متن کے مطابق جان بچانے والے ہنگامی علاج سے پہلے مریض سے پیشگی رقم یا ایڈوانس ڈپازٹ طلب نہیں کیا جا سکے گا۔ مریض کی حالت مستحکم ہونے کے بعد متعلقہ قواعد کے تحت ڈپازٹ لیا جا سکے گا۔ اس اقدام کا مقصد مالی مشکلات کے باعث مریضوں کو فوری طبی امداد سے محروم ہونے سے بچانا ہے۔

نجی ہسپتالوں کی فیسوں اور بلنگ میں شفافیت

مجوزہ قانون کے تحت نجی ہسپتالوں، کلینکس اور لیبارٹریز کے لیے ڈاکٹروں کی فیسوں اور طبی سہولیات کے نرخ نمایاں طور پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔ طبی اداروں کو فیسوں کا شیڈول استقبالیہ اور سرکاری ویب سائٹ پر فراہم کرنا ہوگا۔

مریضوں کو ٹیسٹ، ادویات اور طبی طریقۂ علاج کی الگ الگ قیمتوں پر مشتمل تفصیلی بل دینا بھی ضروری ہوگا، جبکہ غیر ہنگامی علاج شروع کرنے سے پہلے مریض یا اس کے لواحقین کو متوقع اخراجات سے آگاہ کرنا ہوگا۔

غیر فراہم کردہ سہولیات کے بل وصول کرنے پر پابندی

بل میں غیر معقول کنسلٹیشن فیس، کمرے کے کرائے اور تشخیصی اخراجات کی وصولی کے علاوہ ایسی ادویات، ٹیسٹ یا طبی سہولیات کے بل دینے کی ممانعت کی تجویز بھی شامل ہے جو مریض کو فراہم ہی نہیں کیے گئے۔

مجوزہ قانون کے مطابق ان شرائط کی خلاف ورزی کو غیر منصفانہ تجارتی عمل تصور کیا جائے گا، جس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔ قانون سازی کا مقصد نجی شعبے میں صحت کی سہولیات، فیسوں اور بلنگ کے نظام میں شفافیت لانا اور مریضوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button