ای سی او وزرائے خارجہ اجلاس کا اسلام آباد اعلامیہ منظور، پاکستان نے دو سال کے لیے تنظیم کی صدارت سنبھال لی
ای سی او رکن ممالک کا علاقائی تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹرانسپورٹ اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، ایران اور امریکہ کے حالیہ بحران میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔

اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس میں اسلام آباد اعلامیہ منظور کر لیا گیا ہے، جبکہ پاکستان نے 2026ء سے 2027ء تک تنظیم کی صدارت سنبھال لی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق ای سی او رکن ممالک نے علاقائی تعاون، معاشی ترقی اور باہمی روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں ایران اور امریکہ کے حالیہ بحران کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا اور اسلام آباد امن مذاکرات سمیت اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان اور قطر کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کوششوں کی حمایت کی گئی، جبکہ ایران کی جانب سے تنازع کے باوقار حل کی تجویز کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔
تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ای سی او وزرائے خارجہ نے معاشی تعاون کے تزویراتی اہداف 2035ء کی منظوری کا خیرمقدم کیا اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کو علاقائی خوشحالی کے لیے اہم قرار دیا۔
رکن ممالک نے مشترکہ تجارتی زونز کے قیام سے متعلق فزیبلٹی اسٹڈی پر جلد عمل درآمد، ٹرانسپورٹ، ٹرانزٹ اور ڈیجیٹل روابط کے منصوبوں کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں معدنیات کے شعبے میں تعاون کے لیے 2030ء تک کا پانچ سالہ روڈ میپ منظور کیا گیا، جبکہ توانائی کے تحفظ اور علاقائی بجلی منڈی کے فروغ پر زور دیا گیا۔ زراعت، صنعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں بھی علاقائی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
لاہور ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت ہوگا
ای سی او وزرائے خارجہ نے لاہور کو 2027ء کے لیے تنظیم کا سیاحتی دارالحکومت مقرر کرنے کا خیرمقدم کیا۔ اعلامیے کے مطابق ترکیہ کا شہر میری 2028ء، کرغزستان کا کراکول 2029ء اور قازقستان کا آکتاؤ 2030ء کے لیے ای سی او کے سیاحتی دارالحکومت ہوں گے۔
غزہ کی صورتحال پر تشویش، امداد کی فراہمی کا مطالبہ
ای سی او رکن ممالک نے غزہ کی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خوراک، ادویات اور دیگر امدادی سامان کی فوری فراہمی پر زور دیا۔ اعلامیے میں جبری بے دخلی اور آبادی کو خوراک سے محروم رکھنے کی پالیسیوں کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
افغانستان کی تنظیم میں مکمل شرکت کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار کی صدارت اور پاکستان کے انتظامات کی تعریف
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ای سی او وزرائے خارجہ نے اجلاس کے بہترین انتظامات پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ اجلاس کی مؤثر صدارت پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی خدمات کو بھی سراہا۔



