اسلام آباد ہائی کورٹ

بری امام ہاؤس کی اونر شپ ثابت نہ ہوئی تو سی ڈی اےقانون کے مطابق کارروائی کرے، ہائیکورٹ

جسٹس ایاز شوکت نے 5 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا، درخواست گزار کو ملکیتی دستاویزات جمع کرانے اور سی ڈی اے کو سماعت کے بعد 2 روز میں وجوہات پر مبنی فیصلہ کرنے کی ہدایت۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس کو سیل کرنے کے خلاف دائر درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو عمارت کی ملکیت سے متعلق دستاویزات 5 روز میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے سامنے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس ایاز شوکت نے 5 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار اپنی ملکیت یا قانونی قبضے کے دعوے کے ثبوت اور متعلقہ زمین کے خسرہ نمبرز سی ڈی اے کے سامنے پیش کرے۔

سی ڈی اے کو 2 روز میں تحریری فیصلہ کرنے کی ہدایت

عدالت نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کی جانب سے دستاویزات جمع کرانے کے بعد اسے سماعت کا موقع دیا جائے، متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے اور دستاویزات موصول ہونے کے 2 روز کے اندر وجوہات پر مبنی تحریری فیصلہ جاری کیا جائے۔

عدالت کے مطابق اگر درخواست گزار مقررہ مدت میں ملکیت کی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہتا ہے یا دستاویزات جمع نہیں کرانا چاہتا تو سی ڈی اے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا مجاز ہوگا۔

درخواست گزار نے ملکیت کی دستاویزات اپنے پاس نہ ہونے کا بتایا

فیصلے کے مطابق سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے تسلیم کیا کہ درخواست گزار خود جائیداد کا مالک نہیں بلکہ دربار کا نگران ہے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ متعلقہ دستاویزات سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کے پاس موجود ہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ محض دعووں کی بنیاد پر یہ طے نہیں کیا جا سکتا کہ متنازع عمارت وقف یا دربار کی مستثنیٰ زمین پر قائم ہے یا سی ڈی اے کی حاصل کردہ اراضی پر۔

حکم امتناع سے متعلق سابقہ آرڈر بھی فیصلے میں شامل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ 3 نومبر کو جاری کیا گیا عبوری حکم موجودہ حتمی فیصلے میں ضم ہو گیا ہے۔ عدالت نے درخواست اور متعلقہ متفرق درخواستیں نمٹا دیں۔

واضح رہے کہ بری امام ہاؤس کو 30 اکتوبر کو سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے مشترکہ آپریشن میں سیل کیا گیا تھا۔ سی ڈی اے کا مؤقف ہے کہ متنازع عمارت سرکاری اراضی پر قائم ہے، جبکہ درخواست گزار کا دعویٰ تھا کہ یہ جگہ دربار کی ملکیت اور مذہبی مقاصد کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں ملکیت کے اصل تنازع پر کوئی حتمی رائے نہیں دی بلکہ معاملے کا فیصلہ دستاویزی شواہد کی بنیاد پر سی ڈی اے کو کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button