ایف آئی اے و نیب

اسلام آباد میں برطانوی ورک ویزے کے نام پرلاکھوں کا فراڈ، ایف آئی اے نے دو ملزمان دھر لیے

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کی کارروائی، ملزمان نے شہری سے 50 لاکھ 42 ہزار روپے اور 200 برطانوی پاؤنڈ وصول کیے، تیسرے ملزم کے کردار کا تعین بھی جاری۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں برطانیہ کا ورک ویزا دلوانے کے نام پر شہری سے 50 لاکھ 42 ہزار روپے اور 200 برطانوی پاؤنڈ کا مبینہ فراڈ کرنے والے دو ملزمان کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے محمد عثمان اور بابر حسین کو حراست میں لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان شہری کی اہلیہ کو برطانیہ کا ورک ویزا دلوانے کا جھانسہ دے کر رقم وصول کرنے میں ملوث ہیں۔

ویزا پراسیسنگ کے لیے مبینہ جعلی تجربہ سرٹیفکیٹ تیار کیا گیا

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے شہری سے مجموعی طور پر 50 لاکھ 42 ہزار روپے اور 200 برطانوی پاؤنڈ وصول کیے، جبکہ ویزا پراسیسنگ کے لیے مبینہ طور پر جعلی تجربہ سرٹیفکیٹ بھی تیار کیا گیا۔

برطانوی ہوم آفس کی جانب سے ویزا درخواست مسترد کیے جانے کے باوجود ملزمان نے شہری کو رقم واپس نہیں کی۔

تیسرے ملزم کے کردار کا تعین جاری

ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف امیگریشن آرڈیننس اور تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث تیسرے ملزم طارق بشیر کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ویزا فراڈ، انسانی اسمگلنگ اور بیرون ملک ملازمت کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Tribune Desk

اسلام آباد ٹریبیون ایک مستند ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے جو اسلام آباد میں تازہ ترین خبروں، حکومتی امور، عوامی مسائل، کاروبار، تعلیم، امن و امان اور سماجی و عوامی سرگرمیوں کی کوریج کرتا ہے۔ ہمارا مقصد درست، ذمہ دارانہ اور مؤثر صحافت کے ذریعے شہریوں تک قابلِ اعتماد معلومات پہنچانا اور پاکستان کے دارالحکومت کو درپیش اہم معاملات سے باخبر رکھنا ہے۔ اسلام آباد ٹریبیون — اسلام آباد کو باخبر رکھنا ہمارا عزم۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button