ایف آئی اے و نیب

1120 ارب کی مبینہ ٹیکس چوری، 165 ٹیکس دہندگان کے خلاف ایف آئی اے کی تحقیقات

ایف بی آر کی دستاویزات میں 2020 سے 2026 کے دوران 85 ارب 18 کروڑ روپے کے 223 کنزمپشن سرٹیفکیٹس کے اجرا کا انکشاف، 165 ٹیکس دہندگان کے خلاف تحقیقات جاری

اسلام آباد: ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں میں مبینہ 1120 ارب روپے کی ٹیکس چوری کے معاملے پر ایف آئی اے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے گزشتہ برسوں کے دوران جاری کیے گئے کنزمپشن سرٹیفکیٹس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے مطابق سال 2020 سے 2026 کے دوران مجموعی طور پر 85 ارب 18 کروڑ روپے مالیت کے 223 کنزمپشن سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق سال 2025 کے دوران 4 ارب 84 کروڑ روپے مالیت کے 91 کنزمپشن سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، جبکہ سال 2026 کے دوران 78 ارب 18 کروڑ روپے مالیت کے 105 سرٹیفکیٹس کا اجرا کیا گیا۔

مختلف شعبوں کو جاری کیے گئے سرٹیفکیٹس کی تفصیلات

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ گھی کے شعبے میں 57 ارب 58 کروڑ روپے مالیت کے 26 کنزمپشن سرٹیفکیٹس جاری ہوئے، جبکہ فوڈ سیکٹر میں 10 ارب 67 کروڑ روپے مالیت کے 155 سرٹیفکیٹس کا اجرا کیا گیا۔

اسی طرح اسٹیل سیکٹر کو 8 ارب 30 کروڑ روپے مالیت کے 15 اور ٹیکسٹائل سیکٹر کو 6 ارب 53 کروڑ روپے مالیت کے 14 کنزمپشن سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔ پلاسٹک سیکٹر کے لیے 13 کروڑ روپے مالیت کے 4 سرٹیفکیٹس جاری ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

165 ٹیکس دہندگان ایف آئی اے کے زیرِ تفتیش

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے اس معاملے میں 165 ٹیکس دہندگان کے خلاف تحقیقات شروع کر رکھی ہیں۔ ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں میں مبینہ طور پر 1120 ارب روپے کی ٹیکس چوری کے معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ پہلے ہی تحقیقات کا حکم دے چکی ہے۔

ایف آئی اے کی تحقیقات میں کنزمپشن سرٹیفکیٹس کے اجرا، ان کے استعمال اور ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں میں مبینہ ٹیکس چوری کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Rana Ruman Muzaffar

رانا رومان مظفر یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب (UCP)، لاہور سے میڈیا اسٹڈیز میں فارغ التحصیل ہیں اور ایک تجربہ کار براڈکاسٹ صحافی ہیں۔ وہ ہم نیوز کے ساتھ بطور سینئر رپورٹر وابستہ ہیں۔ان کی صحافتی رپورٹنگ کا محور سیاسی امور، پارلیمانی کارروائیاں اور پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی اہم پیش رفت ہے۔ اس کے علاوہ وہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں کاروباری اور معاشی خبروں کی کوریج بھی کرتے ہیں اور اہم پالیسی فیصلوں اور تجارتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی رپورٹنگ فراہم کرتے ہیں۔ ان سے ای میل کے ذریعے ruman@islamabadtribune.com پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button