صحت
اسلام آباد میں ڈینگی کے 47 کیسز، لاروا کی افزائش کے 8 ہزار سے زائد مقامات ختم
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے مطابق یکم جنوری سے 18 اکتوبر 2026 تک ڈینگی کے 34 کیسز دیہی اور 13 شہری علاقوں سے سامنے آئے، جبکہ اکتوبر کے دوران لاروا کی افزائش والی 8,045 جگہیں ختم کی گئیں۔

اسلام آباد میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کے مطابق یکم جنوری سے 18 اکتوبر 2026 تک شہر میں ڈینگی کے 47 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 34 دیہی اور 13 شہری علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
یکم سے 18 اکتوبر کے دوران اینٹی ڈینگی ٹیموں نے 404,704 نگرانی اور کنٹرول کی سرگرمیاں انجام دیں، جبکہ مچھروں کے لاروا کی افزائش کے 8,045 مقامات ختم کیے گئے۔ ٹیموں نے حساس مقامات کے 12,398 دورے کیے اور 80,761 گھروں کا معائنہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس نے وزارتِ قومی صحت کے تعاون سے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اینٹی ڈینگی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، پانی کے برتنوں، چھتوں اور صحنوں کو صاف رکھیں اور مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔