فیصل مسجد کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا فیصلہ، چیئرمین سی ڈی اے کا انتظامات کو تیز کرنے کی ہدایت
دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے زائرین اور نمازیوں کی سہولیات کو بہتر بنانے، صفائی کے نظام کو نکھارنے اور تاریخی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع ہدایات جاری کیں۔

اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف نے فیصل مسجد کا دورہ کیا اور وہاں جاری مرمتی، تزئین و آرائش اور سہولیات کی بہتری کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے سینئر افسران، ممبر بلڈنگ، ڈی جی سروسز، ڈی جی ای اینڈ ایم، سی ای او ایم سی آئی اور نیسپاک و ای ایس سی پی کے نمائندے بھی موجود تھے۔
سی ڈی اے کی جانب سے 27 اکتوبر 2026 کو جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین نے متعلقہ حکام کو جاری کاموں میں معیار برقرار رکھنے، بروقت تکمیل اور مسجد کے موجودہ انفراسٹرکچر اور سہولیات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
صفائی، کینٹین اور عوامی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت
چیئرمین سی ڈی اے نے عوامی سہولتوں کی مرمت اور دیکھ بھال، صفائی و سینیٹیشن کے انتظامات بہتر بنانے، راستوں اور اطراف کے علاقوں کی دیکھ بھال اور زائرین کے لیے مناسب کینٹین سہولیات یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مسجد آنے والے نمازیوں، سیاحوں اور دیگر زائرین کو صاف ستھری اور بہتر سہولیات میسر ہوں۔

فیصل مسجد کے اطراف خوبصورتی بڑھانے پر زور
پریس ریلیز کے مطابق سہیل اشرف نے مسجد کے اطراف شجرکاری، سبزے، لینڈ اسکیپنگ اور مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تزئین و آرائش کے دوران فیصل مسجد کے منفرد طرزِ تعمیر اور مذہبی و ثقافتی اہمیت کو محفوظ رکھتے ہوئے زائرین کی سہولت کو ترجیح دی جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور کاموں کی باقاعدہ نگرانی پر بھی زور دیا، تاکہ بہتری کے اقدامات بروقت مکمل ہوں اور سہولیات کی دیکھ بھال مستقل بنیادوں پر جاری رہے۔



