پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن اتحاد متحرک، گورنر راج کے خلاف حکمت عملی پر غور
اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور، عدالتی، پارلیمانی اور عوامی فورمز پر سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کی تجویز
اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کی مرکزی قیادت کا اجلاس طلب کر لیا گیا، جس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج، ایمرجنسی اور لانگ مارچ سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں شرکت کے لیے محمود خان اچکزئی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے، جبکہ علامہ ناصر عباس، سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر گوہر بھی اپوزیشن چیمبر میں موجود ہیں۔
اپوزیشن ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن اور پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو تمام فورمز پر سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
اپوزیشن ذرائع کے مطابق سیاسی جدوجہد کے لیے عدالتی اور پارلیمانی فورمز کے ساتھ سڑکوں پر بھی احتجاجی سرگرمیاں جاری رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حکمت عملی کے تحت پی ٹی آئی ارکان عدالتی فورمز سے بھی رجوع کریں گے۔
دوسری جانب اخوانزادہ حسین یوسفزئی کے مطابق محمود خان اچکزئی نے شاہد خاقان عباسی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں گورنر راج، ایمرجنسی، لانگ مارچ اور اپوزیشن کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
اخوانزادہ حسین یوسفزئی کے مطابق محمود خان اچکزئی نے سردار اختر مینگل سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں ایمرجنسی اور اپوزیشن کی آئندہ حکمت عملی زیرِ بحث آئی۔
ان کے مطابق محمود خان اچکزئی نے شاہد خاقان عباسی، سردار اختر مینگل اور صاحبزادہ حسن رضا کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی، جبکہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ زین شاہ کو بھی اسلام آباد بلا لیا گیا ہے۔



