تعلیم

پاکستان کے 27 تعلیمی بورڈز کے امتحانی معیار کو یکساں بنانے کے لیے نیا فریم ورک تیار

آئی بی سی سی نے قومی امتحانی معیار کے اشاریے (NEQSI) پر اسٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد کر لیا، امتحانات کے معیار، شفافیت اور بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد: وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے سیکریٹری کی ہدایات پر انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) نے قومی امتحانی معیار کے اشاریے (NEQSI) سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں منعقد کیا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان کے 27 سرکاری تعلیمی امتحانی بورڈز کے لیے مشترکہ اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ اصول وضع کرنے کے مجوزہ فریم ورک کا جائزہ لیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں امتحانی نظام کے معیار، شفافیت، منصفانہ جانچ اور ساکھ کو بہتر بنانا ہے۔

اجلاس میں مجوزہ اشاریوں، کارکردگی کے اہداف اور عمل درآمد کے مراحل پر غور کیا گیا۔ فریم ورک کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جو مجوزہ اشاریوں اور اہداف کا جائزہ لے کر آئندہ اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

قومی امتحانی معیار کے اشاریے کا مقصد ملک بھر میں امتحانی معیار جانچنے کے لیے ایک مضبوط اور یکساں نظام قائم کرنا ہے۔ اس کے ذریعے شواہد کی بنیاد پر امتحانی طریقہ کار میں بہتری، تعلیمی بورڈز کے درمیان معیار کا تقابل اور تعلیمی اسناد پر عوامی اعتماد بڑھانے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام سے پاکستان کی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی اسناد کی بین الاقوامی سطح پر شناخت کو بھی فروغ دینے کی توقع ہے۔

یہ نظام پاکستان اور بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلے کے خواہش مند طلبہ کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ قومی امتحانی معیار کا اشاریہ معیاری اصولوں اور مسلسل بہتری کے ذریعے پاکستان کے امتحانی نظام میں تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے ملک بھر میں امتحانات اور جانچ کے معیار کو بہتر بنانے، نظام کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور پاکستانی تعلیمی اسناد کی عالمی سطح پر شناخت مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شفاف اور یکساں معیار کی یقین دہانی کے نظام کے ذریعے امتحانات کی ساکھ بہتر بنانے اور طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

آئی بی سی سی نے اس قومی اقدام کو آگے بڑھانے اور پاکستان میں زیادہ شفاف، قابلِ اعتماد اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ امتحانی نظام کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں اور تعلیمی بورڈز کے ساتھ رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button