اسلام آباد پولیس
اسلام آباد کے جی 13/4 میں اسسٹنٹ کمشنر بابر کے گھر مسلح ڈکیتی
تھانہ سمبل کی حدود میں پانچ نامعلوم مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے، اہل خانہ کو کمرے میں بند کرکے قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے۔
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے علاقے جی 13/4 میں کراچی میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر بابر کے گھر مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر ڈکیتی کی واردات پیش آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تھانہ سمبل کی حدود میں پانچ نامعلوم مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند کرکے یرغمال بنا لیا۔ ملزمان گھر سے قیمتی اشیا لوٹنے کے بعد فرار ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان میں سے ایک نے سرمئی رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے، جبکہ وہ آپس میں سرائیکی زبان میں گفتگو کر رہے تھے۔
تاحال ملزمان کی شناخت اور گرفتاری سے متعلق کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔



