سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر گوہر کا گورنر راج کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان
پی ٹی آئی رہنماؤں کا نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم، بیرسٹر گوہر کا پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر گوہر نے گورنر راج اور موجودہ نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کو ظلم و جبر قبول نہ کرنے کا فیصلہ کرنا ہوگا۔ ان کے بقول عوام کو ہانکا جا رہا ہے اور اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اس صورتحال کو قبول کریں گے یا اس کے خلاف کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ خیبر پختونخوا میں ایسا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں انتخابات کو لوٹا گیا، جبکہ آج پورا پاکستان پریشان ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ کالی رات چھٹے گی اور وہ اس نظام کو شکست دیں گے۔

دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے گورنر راج کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں بھی ہوں گے، اس کے خلاف لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس معاملے پر پشاور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کے لیڈر جیل میں ہیں اور انہوں نے صرف ملاقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے مطابق بانی چیئرمین سے ملاقات کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاق اسی وقت مضبوط ہوگا جب صوبے مضبوط ہوں گے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی اس وقت تک وزیراعلیٰ رہیں گے جب تک انہیں بانی چیئرمین کا اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عوامی راج رہے گا، گورنر راج نہیں رہے گا۔



