عمران خان کی صحت سے متعلق اطلاعات حوصلہ افزانہیں، پوری قوم تشویش میں ہے، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے عدالتی حکم پر عمل درآمد، اسپتال منتقلی اور علاج کی استدعا کر دی۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق اطلاعات حوصلہ افزا نہیں، جس پر پوری قوم کو تشویش ہے اور ان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ایک ملاقات ہو چکی ہے، جس میں ان کی صحت اور مقدمات سے متعلق کچھ ہدایات بھی موصول ہوئی ہیں۔
سپریم کورٹ سے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کی درخواست
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں 18 اگست کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ اس حکم کے تحت بانی پی ٹی آئی کو منتقل کرنے، علاج کی سہولت فراہم کرنے اور ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
انہوں نے سپریم کورٹ سے کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی بھی استدعا کی اور مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی اور علاج سے متعلق فوری فیصلے کیے جائیں۔
سیاسی تناؤ ختم کرنے اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں سیاسی تناؤ مزید نہیں بڑھنا چاہیے اور اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ ارکان اسمبلی، کارکنوں اور سپورٹرز کو اٹھانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں جیل میں ہیں اور تاحال ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں، انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔



