آئی جی اسلام آباد سے ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات
ملاقات کے دوران عوام تک درست اور بروقت معلومات کی فراہمی کے لیے پولیس اور میڈیا کے درمیان پیشہ وارانہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

اسلام آباد: ملاقات میں ایسوسی ایشن کے صدر ملک اسد، جنرل سیکرٹری آصف نوید، سابق صدور اویس یوسفزئی، رضوان قاضی، حسین احمد اور فیاض محمود، سابق سیکرٹری احتشام کیانی، سابق فنانس سیکرٹری ملک نجیب اور ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ شریک تھے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تعیناتی کے بعد انہیں کئی چیلنجز کا سامنا تھا، تاہم اب شہر سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں اور سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریڈ زون کے علاوہ اسلام آباد میں آدھے سے زیادہ ناکے ختم کر دیے گئے ہیں اور پولیس کو ناکوں کے بجائے پٹرولنگ پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سہیل چوہدری نے کہا کہ وہ روزانہ ذاتی طور پر پولیس اہلکاروں کے مسائل سنتے اور ان کی شکایات کا ازالہ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ملتان میں تعیناتی کے دوران 19 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کی شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو دی جانے والی سزاؤں کے معاملات میرٹ پر دیکھے جاتے ہیں اور انہیں ریلیف بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ وہ نچلے رینک کے اہلکاروں، خصوصاً کانسٹیبلز سے ملاقات کو ترجیح دیتے ہیں، انہیں عزت دیتے ہیں اور اپنے ساتھ کرسی پر بٹھانے میں بھی کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔



