اسلام آباد ٹریفک پولیس

شہری اب اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ڈرائیونگ لائسنس گھر کی دہلیز پر حاصل کر سکیں گے

آئی جی اسلام آباد کی ہدایات پر ٹی سی ایس کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کی ترسیل کا نظام متعارف کرا دیا گیا۔ اسلام آباد کے رہائشیوں کو ایک جبکہ دیگر شہروں کے شہریوں کو دو روز میں لائسنس گھر پہنچانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اسلام آباد: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کرنے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس گھر کی دہلیز پر پہنچانے کا نظام متعارف کرا دیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کی ہدایات پر شروع کیے گئے اس اقدام کے تحت شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد ٹی سی ایس کے ذریعے اپنا لائسنس گھر پر وصول کر سکیں گے۔

ایک سے دو روز میں لائسنس کی گھر پر ترسیل

چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق شہری چاہیں تو لائسنسنگ کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد اسی وقت اپنا لائسنس حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ وقت کی بچت کے لیے ٹی سی ایس کے ذریعے گھر پر ترسیل کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے رہائشیوں کو ایک روز جبکہ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو دو روز میں ڈرائیونگ لائسنس گھر پہنچا دیے جائیں گے۔

شہریوں کو دفاتر کے بار بار چکر نہیں لگانا پڑیں گے

چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے شہریوں کو اب دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ان کے مطابق شہریوں کے وقت اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے آسان سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جبکہ مستقبل میں بھی جدید پولیسنگ اور عوامی سہولت کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اقدامات جاری رہیں گے۔

Muhammad Umar

محمد عمر کمپیوٹر سائنس اور سیاسیات کے فارغ التحصیل ہیں اور سافٹ ویئر کوالٹی ایشورنس کے شعبے میں تجربہ کار انجینئر ہیں۔ ان کی مہارت کے شعبوں میں ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سیکیورٹی، سافٹ ویئر کوالٹی اور ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل رجحانات شامل ہیں۔وہ پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر، مصنوعی ذہانت میں ہونے والی جدت، سائبر سیکیورٹی اور تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل منظرنامے سے متعلق موضوعات پر لکھتے ہیں۔ ان سے ای میل کے ذریعے umar@islamabadtribune.com پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button