اسلام آباد پولیس کے تین ایس پیز کی خدمات بلوچستان حکومت کے سپرد
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 46ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے گریڈ 18 کے افسران کی خدمات حکومت بلوچستان کے سپرد کر دیں، اسلام آباد پولیس کے 3 افسران بھی فہرست میں شامل ہیں۔

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان پولیس سروس کے 46ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے گریڈ 18 کے 16 افسران کو ایک سال کے لیے حکومت بلوچستان میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں اسلام آباد پولیس کے 3 افسران بھی شامل ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے 13 نومبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان افسران کو ان کی موجودہ تعیناتیوں سے تبدیل کرکے ان کی خدمات فوری طور پر حکومت بلوچستان کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں متعلقہ صوبائی حکومتوں اور محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نامزد افسران کو فوری طور پر ریلیو کریں تاکہ وہ بلوچستان حکومت میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔

بلوچستان بھیجے جانے والے 16 افسران کی تفصیلات
نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان میں ایک سال کے لیے تعینات کیے جانے والے افسران اور ان کی موجودہ تعیناتیوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
- فلائٹ لیفٹیننٹ محمد خرم اشرف — اسلام آباد پولیس
- فلائٹ لیفٹیننٹ رفعت اللہ — حکومت خیبر پختونخوا
- شہ زیب — حکومت سندھ
- سلمان ظفر — اسلام آباد پولیس
- جہانداد اکرم — حکومت پنجاب
- محمد ظفر صدیق — حکومت سندھ
- وقاص رفیق — حکومت خیبر پختونخوا
- تیمور خان — حکومت خیبر پختونخوا
- احمد فیصل چوہدری — حکومت سندھ
- مغیث احمد ہاشمی — وزیراعظم آفس، اسلام آباد
- محمد عمر — حکومت پنجاب
- ایاز حسین — اسلام آباد پولیس
- محمد جواد اسحاق — نیشنل پولیس اکیڈمی، اسلام آباد
- اسد علی — حکومت پنجاب
- عبدالعلیم — حکومت سندھ
- حسیب جواد سومار میمن — حکومت سندھ
افسران کے لیے 365 دن کی فعال سروس لازمی
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام افسران کو بلوچستان حکومت کے تحت 365 دن کی فعال سروس مکمل کرنا ہوگی۔ اس مدت میں چھٹی، تربیت اور ڈیپوٹیشن کے ایام شمار نہیں کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت بلوچستان مقررہ مدت سے زیادہ بھی کسی افسر کی خدمات برقرار رکھ سکتی ہے، تاہم اس کے لیے متعلقہ افسر کی رضامندی اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی منظوری ضروری ہوگی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ افسران کو فوری طور پر موجودہ محکموں سے ریلیو کرکے بلوچستان حکومت میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے بھیجا جائے۔



